وطن دوست مزدور فیڈریشن کا پاور کمپنی کے ورکرز کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ
سپین کاریز کوئلہ کان سانحہ: پی سی ای ایم کا غیر جانبدارانہ تحقیقات اور آئی ایل او کنونشن کی توثیق کا مطالبہ
کوئٹہ ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان فیڈریشن آف کیمیکل، انرجی، مائنز اینڈ جنرل ورکرز یونین پی سی ای ایم کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور افکو انصاف محنت کش یونین کے رہنما غلام مرتضیٰ تنولی نے بلوچستان کے علاقے سپین کاریز میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق کان کنوں کی اصل تعداد کو شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ تحقیقات کے ذریعے منظرِ عام پر لایا جائے اور کسی بھی قسم کی پردہ پوشی کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کان کن ضروری حفاظتی آلات، تربیت اور ہنگامی امدادی نظام کے بغیر خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔
غلام مرتضیٰ تنولی نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ مائنز سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی، متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے کنونشن 176 کے مطابق مائن سیفٹی قوانین کے اطلاق کا مطالبہ کیا۔
