تائیوان میں کمپنیاں ماحولیاتی اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث نکلیں
تائی پے( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) سول سوسائٹی کی تنظیموں تائیوان کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک ریسرچ سینٹر اور گرین سیٹیزنز ایکشن الائنس کی جانب سے جاری کردہ ایک تہلکہ خیز مشترکہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ تائیوان میں کارپوریٹ پائیداری اور بہترین کارکردگی کے ایوارڈز جیتنے والی نصف سے زیادہ کمپنیاں ماحولیاتی آلودگی اور لیبر قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ ان کمپنیوں میں کئی سرکاری ادارے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، سال 2025 میں پائیداری کے چار بڑے قومی ایوارڈز حاصل کرنے والی 113 مینوفیکچرنگ کمپنیوں میں سے نصف کا ماحولیاتی یا مزدوری کے قوانین کی خلاف ورزی کا مجرمانہ ریکارڈ پایا گیا ہے۔
ان میں سے تائیوان کارپوریٹ سسٹین ایبلٹی ایوارڈ حاصل کرنے والی ایک تہائی کمپنیوں کے ہاں کام کے دوران جان لیوا حادثات اور مزدوروں کے حقوق پامال کرنے کے واقعات سامنے آئے۔
سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان ایوارڈز کے مروجہ معیار پر نظرِ ثانی کی جائے اور سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث کمپنیوں کو فوری طور پر ایوارڈز کی دوڑ سے باہر کرنے کا سخت طریقہ کار وضع کیا جائے۔
