بھارت میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ سے عمارت منہدم، 3 مزدور ہلاک ، کئی زخمی
دیواس ( لیبر نیوز ساتھ ایشاء ڈیسک ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس میں ایک کیمیکل فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے شدید دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 2 محنت کش ہلاک جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں
حکام کے مطابق دھماکہ صنعتی علاقے میں قائم فیکٹری کے اندر ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد مزدور جان بچانے کے لیے باہر نکل آئے۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پایا۔ امدادی حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ موجود ہے، جس کے باعث سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
زخمی محنت کشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کرتے ہوئے فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
