کینیڈا میں محنت کشوں کی ہڑتال میں شدت، مزید ملازمین شامل
ہیلی فیکس( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) کینیڈا کے صوبے نووا اسکوٹیا میں طویل مدتی نگہداشت لانگ ٹرم کیئر کے شعبے سے وابستہ سینکڑوں مزید ملازمین اپنی مراعات اور تنخواہوں میں اضافے کے لیے جاری ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں
یونین حکام کے مطابق نرسنگ ہومز اور نگہداشت کے مراکز کے ورکرز کی جانب سے کام کی بندش کے باعث صوبے بھر میں بزرگوں کی دیکھ بھال کا نظام شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے
ہڑتالی ملازمین کا مطالبہ ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے ان کی اجرتوں میں اضافہ کیا جائے اور عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کام کا بوجھ کم ہو سکے۔
لیبر یونینز نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو آنے والے دنوں میں مزید مراکز کے ملازمین بھی احتجاج میں شامل ہو جائیں گے
صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان مذاکرات تاحال تعطل کا شکار ہیں۔
