July 24, 2026

پینشنرز کے لیے آسانی یا نئی آزمائش؟

 پینشنرز کے لیے آسانی یا نئی آزمائش؟

تحریر ( عارف خان روہیلہ ) کہانی سادہ ہے مگر حال پیچیدہ بنا دیا گیا ہے۔ برسوں سے جو پینشن جس بینک اکاؤنٹ میں آ رہی تھی اب کہا جا رہا ہے کہ بینک سے لکھوا کر لاؤ کہ یہ پینشن اکاؤنٹ ہے۔

گویا اکاؤنٹ بھی اب اپنی پہچان ثابت کرے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اکاؤنٹ تو اکاؤنٹ ہوتا ہے رقم آئے تو وہی اس کی پہچان بن جاتی ہے مگر یہاں تو ہر قدم پر بزرگوں کی آزمائش مقصود نظر آتی ہے۔

ذرا سوچیں ایک کمزور بزرگ چھڑی کے سہارے بینک کی قطار میں کھڑا ہے۔ کیشیئر سے کہتا ہے بیٹا لکھ دو کہ یہ پینشن اکاؤنٹ ہے۔ کیشیئر مسکرا کر جواب دیتا ہے بابا جی ایسا کوئی خانہ ہمارے سسٹم میں نہیں۔

پھر بزرگ اگلے کاؤنٹر پھر منیجر کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔ یوں ایک سادہ کام مزاح بن جاتا ہے مگر اس مزاح میں وہ تکلیف چھپی ہوتی ہے جسے صرف وہ سفید ریش بزرگ ہی محسوس کر سکتا ہے جو اپنی ہی جمع پونجی کے لیے در در کے دھکے کھا رہا ہے۔

سوال یہ ہے کہ آخر یہ نئی شرط کیوں؟ پہلے ایک مخصوص بینک کی قید تھی اب خط لانے کی شرط لگا دی گئی۔ کیا مقصد سہولت ہے یا بوڑھے ملازمین کو نئی آزمائش میں ڈالنا ہے؟

آج جب پوری دنیا میں آن لائن نظام موجود ہے اے ٹی ایم ہر جگہ چلتا ہے اور ملک کے بڑے بینک جیسے بینک الفلاح، حبیب بینک، ایم سی بی، یونائیٹڈ بینک، الائیڈ بینک اور بینک آف خیبر میں لوگ برسوں سے اپنے حساب چلا رہے ہیں تو پھر اچانک یہ نئی دیوار کیوں کھڑی کی جا رہی ہے؟ کیا ان بینکوں کا ڈیٹا محکمے کے پاس موجود نہیں؟

یہ بات تعجب خیز بھی ہے اور افسوس ناک بھی۔ ایک طرف حکومتی سطح پر دعوے کیے جاتے ہیں کہ نظام آسان بنائیں گے مگر دوسری طرف خود ہی ایسی گتھیاں ڈالی جا رہی ہیں

جنہیں سلجھانا ایک عام پنشنر کے بس کی بات نہیں۔ جو لوگ عمر کے آخری حصے میں سکون اور آرام کے طلبگار ہیں انہیں اس کاغذی چکر اور بیوروکریٹک رکاوٹوں میں ڈال دینا کہاں کی دانش مندی ہے؟

بات بالکل سادہ ہے۔ جس طرح پینشن پہلے آ رہی تھی اسی طرح جاری رہنی چاہیے۔ نہ کسی نئے نام کی ضرورت ہے نہ نئی شرط کی اور نہ ہی کسی نئے امتحان کی۔ پنشنرز کو تجربہ گاہ کی مچھلی نہ بنائیے بلکہ انہیں سہولت دیجیے۔

ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھنا اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہی اصل ترجیح ہونی چاہیے۔ نظام وہ ہوتا ہے جو انسان کے کام آئے نہ کہ وہ جو انسان کو خوار کر کے رکھ دے۔ امید ہے کہ حکامِ بالا اس سنگین مسئلے پر توجہ دیں گے اور بزرگوں کو اس غیر ضروری مشقت سے نجات دلائیں گے۔

 

تعارف : مزدور رہنما: عارف روہیلہ محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں طویل عرصے سے سرگرم ہیں اور مختلف فورمز پر مزدوروں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

image_printخبریں پرنٹ کریں
0 Shares

مزید خبریں

WhatsApp