بنگلہ دیش میں مزدور تنظیموں کا تاریخی اتحاد، نئی قومی کنفیڈریشن قائم
ڈھاکہ ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں مزدور تحریک کو ایک نئی سمت مل گئی ہے، جہاں ملک کی دس مزدور فیڈریشنز نے متحد ہو کر بنگلہ دیش کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونین قائم کر لی ہے یہ اہم پیش رفت چودہ دسمبر کو ڈھاکہ میں منعقدہ نیشنل ٹریڈ یونین یونٹی کانفرنس کے دوران سامنے آئی، جس میں کنفیڈریشن کے آئین کی متفقہ منظوری دی گئی
کانفرنس میں کہا گیا کہ اس اتحاد کا مقصد مزدوروں کی اجتماعی آواز کو قومی سطح پر مضبوط بنانا، منصفانہ اجرت، روزگار کا تحفظ، محفوظ کام کے حالات اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی کنفیڈریشن سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد رہتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرے گی
تقریب میں وزارت محنت، آجر تنظیموں، مزدور اصلاحات کمیشن اور بین الاقوامی مزدور اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ حکام کے مطابق یہ اتحاد حکومت اور آجر طبقے کے ساتھ مؤثر سماجی مکالمے کو فروغ دے گا اور بنگلہ دیش میں مزدوروں کے معیارِ زندگی میں بہتری کا باعث بنے گا
