کپاس کی پکار موبائل ایپ پنجاب اور سندھ کی زرعی مزدور یونینز کا تاریخی انقلاب
بنگلہ دیش کا ملائیشیا سے محنت کشوں کے لیئے لیبر مارکیٹ دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

کوالالمپور( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمان نے اپنے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم سے ملاقات کے دوران بنگلہ دیشی تارکینِ وطن کے لیے لیبر مارکیٹ دوبارہ کھولنے کی درخواست کی ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے غیر ملکی ورکرز کے دیرینہ استحصال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ملائیشیا نے جبری مشقت اور بھرتی ایجنٹوں کے ہاتھوں ورکرز کے پھنسنے کی رپورٹس کے بعد 2024 سے بنگلہ دیشی ملازمین کی خدمات حاصل کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے ورکرز کی بھرتی کے عمل میں شفافیت لانے اور ان کی فلاح و بہبود کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا ہے
وزیرِ اعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ذاتی کمپنی کے فائدے کے لیے محنت کشوں کے ساتھ ناروا سلوک اور استحصال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری، ثقافت اور انسدادِ دہشت گردی سمیت آزادانہ تجارتی معاہدے کے مذاکرات کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
