عالمی یومِ انسدادِ چائلڈ لیبر: بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ
جنیوا ( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر سے چائلڈ لیبر (بچوں سے مشقت) کے خاتمے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔
چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ بیان میں آئی ایل او نے خبردار کیا کہ حالیہ معاشی بحران، غربت اور تنازعات کی وجہ سے لاکھوں مزید بچوں کے مشقت کی دلدل میں دھنسنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق، پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے، لیکن موجودہ پیش رفت انتہائی سست ہے۔
آئی ایل او نے حکومتوں، سول سوسائٹی اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بچوں کے لیے مفت و معیاری تعلیم، سماجی تحفظ کے نظام کی مضبوطی اور غریب خاندانوں کی معاشی معاونت کو یقینی بنائیں تاکہ معصوم بچوں کو کارخانوں، کھیتوں اور ورکشاپس کے بجائے اسکولوں میں بھیجا جا سکے۔
