ترقی کی قیمت مزدور کے لہو سے چکائی جاتی ہے
ملک محمد مختار اعوان
—————————-
دنیا بھر میں ہر سال اپریل کے مہینے میں انٹرنیشنل ورکرز میموریل ڈے ان گمنام ہیروز کی یاد میں منایا جاتا ہے جو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران غیر محفوظ ماحول یا حادثات کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
اس دن کو منانے کا مقصد صرف تعزیت تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک عہد ہے کہ آئندہ کسی بھی محنت کش کی زندگی کام کی جگہ پر ضائع نہیں ہونے دی جائے گی
پاکستان میں اس دن کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہاں تعمیراتی، زرعی، ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں میں مزدور انتہائی خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں
المیہ یہ ہے کہ ملک میں موجودہ لیبر قوانین کا اطلاق صرف 2 سے 3 فیصد مزدوروں پر ہوتا ہے، جبکہ 97 فیصد محنت کش طبقہ کسی بھی قانونی تحفظ سے محروم ہے
جن اداروں پر قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، وہاں بھی سوشل سیکیورٹی اور ای او بی آئی میں رجسٹریشن کی شرح 50 فیصد سے بھی کم ہے۔
سوشل سیکیورٹی، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ جیسے ادارے محنت کشوں اور آجروں کی کنٹریبیوشن سے چلتے ہیں، مگر ان پر مکمل کنٹرول حکومت کا ہے
ان اداروں کے ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی قلت ہے جبکہ کرپشن عروج پر ہے۔ قانون کے مطابق یہ ادارے سہ فریقی حکومت، آجر، مزدور ہونے چاہئیں
لیکن اکثر مزدور نمائندے ‘ڈمی’ ہوتے ہیں یا ایسی تنظیموں سے لیے جاتے ہیں جن کا لیبر فیلڈ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
پاکستان یونائٹیڈ ورکرز فیڈریشن نے ہمیشہ محنت کشوں کی سلامتی کے لیے آواز اٹھائی ہے تربیلا، بھاشا اور مہمند ڈیم جیسے بڑے منصوبوں پر ہماری یونینز فعال ہیں
محمد اسلم عادل کی کاوشوں سے تربیلا ڈیم کے مین ایریا میں ایک یادگار تعمیر کی گئی ہے جس پر ان تمام ورکرز کے نام درج ہیں جو کام کے دوران حادثات کا شکار ہوئے
یہ یادگار پیغام دیتی ہے کہ ترقی کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا نہیں ہونی چاہیے، حکومت سے مطالبات اس میموریل ڈے پر ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر کام کی جگہ پر صحت و سلامتی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے
مزدوروں کو جدید حفاظتی آلات فراہم کیے جائیں اور ان کی باقاعدہ ٹریننگ ہو سوشل سیکیورٹی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کا دائرہ کار صرف صنعتی مزدوروں تک محدود نہ رکھا جائے
ہر محنت کش کو اس میں شامل کیا جائے آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ کوئی بھی مزدور بغیر حفاظتی ساز و سامان کے کام نہیں کرے گا۔ زندگی صرف ایک بار ملتی ہے
اسے اپنے بچوں اور خاندان کی خاطر محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
تعارف : مختار اعوان پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن، جنوبی پنجاب کے منتخب جنرل سیکرٹری ہیں ان کا شمار پاکستان کی مزدور تحریک کے صفِ اول کے رہنماؤں میں ہوتا ہے گذشتہ تین دہائیوں سے محنت کشوں کے حقوق، لیبر قوانین کی بالادستی اور صنعتی انصاف کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ ملک گیر سطح پر ٹریڈ یونین تحریک کو منظم کرنے اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں
