July 23, 2026

سیاسی اور ذہنی کولونائزیشن اور ڈی کولونائزیشن

 سیاسی اور ذہنی کولونائزیشن اور ڈی کولونائزیشن

تحریر ( بلند اقبال )

نوآبادیات یعنی کولونائزیشن کو اگر صرف سیاسی قبضے اور معاشی لوٹ مار تک محدود سمجھا جائے تو تصویر ادھوری رہ جاتی ہے کیونکہ تاریخ بتاتی ہے کہ کئی خطّوں میں نوآبادیاتی طاقتیں صرف فوج اور پرچم کے ساتھ نہیں آئیں بلکہ ایک ایسا مذہبی بیانیہ بھی ساتھ لائیں تھیں

جس نے ان کی آمد کو اخلاقی، درست اور تہذیبی خدمت بنا کر پیش کیا۔ یہ ایمان بذاتِ خود نہیں تھا بلکہ یہ وہ مذہبی نظریہ تھا جسے اقتدار اور توسیع کے جواز کے طور پر استعمال کیا گیا۔ اسی پیٹرن کو تاریخ داں ‘تاج، تجارت اور صلیب’ کے استعارے سے بیان کرتے ہیں

امریکہ، افریقہ اور ایشیا میں یورپی توسیع کے دوران یہ تصور بھی راسخ ہوا کہ غیر مسیحی علاقوں پر مسیحی حکمران دعویٰ کر سکتے ہیں۔ اس طرح کرسچن مذہبی تصور نے سیاسی قبضے کو اخلاقی و قانونی جواز فراہم کیا۔ مقامی مذاہب کو بت پرستی، تبدیلیٔ مذہب کو نجات اور ثقافتی تبدیلی کو اخلاقی فرض قرار دیا گیا۔ یہی نظریاتی فضا ہسپانوی اور پرتگالی سلطنتوں کی توسیع کے ساتھ دیگر براعظموں تک پھیلی

اقتدار کے حصول کا یہ طریقہ واردات صرف یورپ کی تاریخ تک محدود نہیں ہے بلکہ ماضی کے ادوار میں اسلامی ریاستوں نے بھی مذہب یا مقدس تصوراتِ کو اپنی توسیع اقتدار کے جواز کے طور پر استعمال کیا تھا۔ ابتدائی اسلامی ریاست مثلاً خلافت راشدین میں بھی چونکہ مذہبی و سیاسی نظام باہم جڑے ہوئے تھے

اس لیے وسط ایشیا سے مغرب میں اسپین اور شمالی افریقہ تک مقدس بادشاہت کے تصور نے عربوں کی حکمرانی کو الوہی نظام سے جوڑ کر ایک اخلاقی زبان فراہم کی جس میں ان کے اقتدار کی توسیع کو درست اور مقدس قرار دیا گیا اور وہی کچھ ہوا تھا جسے نام بدل کر نو آبادیاتی طاقتوں نے
‘تاج، تجارت اور صلیب’ کے ذریعے کیا یعنی لوگوں کو یہ باور کرایا گیا کہ ان کے آباؤ اجداد گمراہ تھے، ان کی زبان مقدس علم کے لائق نہیں، اور ان کی رسومات گناہ ہیں۔

مارٹینیک نژاد، نوآبادیات کے ناقد مفکر فرانز فینون کے مطابق یہ عمل محکوم قوم میں خود پر شک اور احساسِ کمتری پیدا کرتا ہے۔ زمین کا نقصان وقتی ہو سکتا ہے مگر روحانی اعتماد کا زوال نسلوں تک اثر انداز ہوتا ہے۔ اس موضوع پر ایڑورڑ سعید نے لکھا ہے کہ اورینٹیلزم میں مشرق کی شبیہ اس طرح سے بنائی جاتی ہے کہ ان کی حکمرانی کو جائز دکھایا جا سکے۔

البرٹ میمی نے اپنی کتاب ‘ دی کولونائزر اینڈ دی کولونائزڈ’ میں واضح کیا کہ مذہب اور ثقافت کس طرح غلبے کو ایک معمول سا بناکر پیش کرتے ہیں۔ نائیوگی واہ ٹیونگی نے ‘ڈی کولونائزنگ دی مائینڈ’ میں زبان اور تاریخی کہانیوں کی تبدیلی کو شناخت کی تبدیلی سے جوڑا ہے

ان کے مطابق اکثر نوآبادیاتی عمل ایک ترتیب سے آگے بڑھتا ہے پہلے زمین کی اہمیت بیان کی جاتی ہے، پھر ثقافت کو غلط قرار دیا جاتا ہے اور آخر میں یہ باور کرایا جاتا ہے کہ نجات حکمرانوں جیسا بننے میں ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے جہاں مذہبی نظریے سب سے گہرا اثر ڈالتے ہیں

سیاسی نوآبادیات جسم کو قید کرتی ہے جبکہ ذہنی نوآبادیات ذہنوں کو آلودہ کردیتی ہے کیونکہ سیاسی آزادی ایک دن میں مل سکتی ہے مگر ذہنی آزادی نسلوں کی محنت مانگتی ہے۔

آج افریقہ، لاطینی امریکہ اور ایشیا میں اپنی فکری و شعوری آزادی کے لیے مقامی زبانوں کے احیاء ، تاریخ کو اپنے زاویے سے پڑھنا ، تعلیم میں تنقیدی شعور بیدار کرنا اور ثقافتی وقار کی بحالی پر زور دیا جاتا ہے

ذہنی ردِ نوآبادیات یعنی ڈی کولونائزیشن ایک گہرا اور طویل عمل ہے جس میں قومیں اپنی سوچ، تعلیم زبان، ثقافت اور مذہبی و غیر نظریات کو دوبارہ زندہ کرتی ہیں


میں سوچتا ہوں ہم پاکستان کے لوگ اس شعوری و فکری عمل میں کہاں کھڑے ہیں؟

image_printخبریں پرنٹ کریں
0 Shares

مزید خبریں

WhatsApp