باجوہ اسپننگ ملز کی غیر قانونی تالہ بندی، 200 محنت کش واجبات اور گریجوئٹی سے محروم

حیدرآباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) سلور کاٹن ملز ورکرز یونین (سی بی اے) کے صدر عابد بخاری اور جنرل سیکریٹری اظہر محمد نے حالی روڈ حیدرآباد پر واقع باجوہ اسپننگ ملز کی غیر قانونی تالہ بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے

انہوں نے انکشاف کیا کہ مل مالکان سیٹھ محفوظ باجوہ اور سیٹھ دلیپ نے 20 سے 26 سال تک خدمات انجام دینے والے تقریباً 200 محنت کشوں کو بغیر کسی نوٹس یا لیٹر کے یکم اپریل 2026ء سے غیر قانونی طور پر فارغ کر دیا ہے۔

باجوہ اسپننگ ملز کے متاثرہ مزدوروں کے ایک وفد نے یونین رہنماؤں سے ملاقات کر کے مالکان کے مظالم کا احوال سنایا۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ تالہ بندی کر کے ان کے کروڑوں روپے کے واجبات اور گریجوئٹی روک دی گئی ہے،

 جس سے سینکڑوں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عابد بخاری نے حیدرآباد انتظامیہ، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غیر قانونی تالہ بندی کا فوری نوٹس لے کر ذمہ دار مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔