پہلے 11 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات 16.66 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

اسلام آباد ( لیبر نیوز کامرس ڈیسک ) پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (ادارۂ شماریات) کے مطابق رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی حجم 16.665 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ برآمدات 16.365 ارب ڈالر تھیں۔

رپورٹ کے مطابق بیڈ ویئر کی برآمدات 2.23 فیصد اضافے سے 2.902 ارب ڈالر، نٹ ویئر 1.03 فیصد اضافے سے 4.602 ارب ڈالر اور تیار شدہ ملبوسات 5.43 فیصد اضافے کے ساتھ 3.973 ارب ڈالر رہیں۔ اس کے برعکس، سوتی کپڑے کی برآمدات 7.43 فیصد کمی سے 1.560 ارب ڈالر اور تولیوں کی برآمدات معمولی کمی کے ساتھ 995.34 ملین ڈالر رہیں۔

سالانہ بنیادوں پر مئی 2026ء میں ٹیکسٹائل برآمدات 7.13 فیصد اضافے سے 1.640 ارب ڈالر رہیں، جبکہ ماہانہ بنیاد پر اپریل کے مقابلے میں مئی میں 10.80 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔