پاکستان اکنامک سروے کے مطابق ملک میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر 7.1 فیصد ہو گئی
اسلام آباد (لیبر نیوز ویب ڈیسک ) وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کے مطابق، معیشت میں بحالی کے باوجود ملک میں بیروزگاری کی شرح پچھلے سال کے 6.3 فیصد سے بڑھ کر 7.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے
تازہ ترین لیبر فورس سروے کے مطابق، ورکنگ ایج پاپولیشن میں اضافے کے باعث کیریئر مارکیٹ میں لیبر سپلائی بڑھی ہے، جس سے برسرِروزگار افرادی قوت 77.2 ملین جبکہ بیروزگار افراد کی تعداد 5.9 ملین ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، زراعت کا شعبہ 33.1 فیصد کے ساتھ روزگار کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ برقرار ہے، تاہم سروسز، تجارت اور تعمیرات میں روزگار بڑھنے سے زراعت کا حصہ ماضی کے 37.4 فیصد کے مقابلے میں کم ہوا ہے۔
ہول سیل اور ریٹیل تجارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 14.5 سے بڑھ کر 16 فیصد ہو گیا، جبکہ مینوفیکچرنگ کا حصہ 14.8 فیصد پر تقریباً برقرار رہا، جو صنعتی شعبے میں سست رفتار توسیع کو ظاہر کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں بھی روزگار بڑھ کر 6.6 فیصد ہو گیا ہے۔