سانحہ جون 1972ء کے شہدا کو خراجِ عقیدت، کامریڈ عثمان بلوچ کی آپ بیتی پر سیمینار

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے زیرِ اہتمام کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ  میں جون 1972ء کے تاریخی مزدور قتلِ عام کی 54 ویں برسی کی مناسبت سے ایک سیمینار کا یہاں انعقاد کیا گیا،

جس میں ممتاز مزدور رہنما کامریڈ عثمان بلوچ کی نو شائع شدہ خود نوشت “اپنی کرنی کر گزرے” پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سیمینار میں انسانی حقوق کمیشن کے چیئرپرسن اسد اقبال بٹ، این ٹی یو ایف کے ناصر منصور، ڈاکٹر توصیف احمد اور دیگر دانشوروں نے شرکت کی۔ عینی شاہدین نے 7 اور 8 جون 1972ء کو اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرنے والے ٹیکسٹائل ورکرز پر پولیس کی وحشیانہ فائرنگ کے واقعات بیان کیے۔

 مقررین نے کہا کہ یہ کتاب محض ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ پاکستان میں محنت کشوں کی مزاحمت، ریاستی جبر اور طبقاتی یکجہتی کا ایک قیمتی تاریخی دستاویز ہے۔

 انہوں نے موجودہ دور میں بھی کم اجرت اور ٹھیکیداری نظام جیسے چیلنجز پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیمینار میں کشمیر کی عوامی تحریک سے یکجہتی اور سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے متاثرین کی رہنما مرحومہ سعیدہ خاتون کے نام سے منسوب ہال کا افتتاح بھی کیا گیا۔