ٹیکسٹائل کونسل کا بجٹ میں 10 سالہ فکسڈ فنانسنگ اور ٹیکس چھوٹ کا مطالبہ

کراچی (لیبرنیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27ء میں صنعتی سرمایہ کاری کے لیے 10 سالہ فکسڈ ریٹ فنانسنگ سہولت متعارف کرائی جائے، برآمد کنندگان کے لیے فائنل ٹیکس رجیم بحال کی جائے اور برآمدی شعبے پر عائد ایڈوانس ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔

کونسل کے چیئرمین فواد انور نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور برآمدی شعبہ اس وقت مہنگی فنانسنگ، بلند توانائی نرخوں اور نقدی کی شدید قلت کا شکار ہے، جس سے نئی سرمایہ کاری رک گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ طویل المدتی فکسڈ ریٹ فنانسنگ سے صنعتوں کی توسیع اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈوانس ٹیکسوں کے خاتمے سے کاروباری لاگت کم ہوگی اور پاکستان عالمی منڈی میں مسابقت کے ساتھ پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا۔