صابن سازی کی صنعت شدید بحران کا شکار، ڈیوٹیوں میں کمی کا مطالبہ

کراچی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق زکریا کی زیرِ صدارت کراچی میں منعقدہ اہم اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقامی صابن سازی کی صنعت کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

 اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27ء کے بجٹ کے حوالے سے اہم تجاویز پر غور کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بھاری کسٹم ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور گیس کی قلت کے باعث متعدد کارخانے بند ہو چکے ہیں۔

طارق زکریا نے نشاندہی کی کہ آر بی ڈی پام اسٹیرین پر سوپ اور اولیو کیمیکل صنعتوں کے لیے الگ الگ ڈیوٹی اسٹرکچر نافذ ہے، حالانکہ دونوں اسے صابن کے لیے ہی استعمال کرتی ہیں۔

 انہوں نے ڈیوٹی یکساں کرنے اور صنعت کی بحالی کے لیے بجلی و گیس کے نرخ دو سال تک منجمد کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا تاکہ ہزاروں ملازمین کا روزگار اور ملکی برآمدات کو تحفظ مل سکے۔