سول ہسپتال میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ،مزدور فیڈریشن کی شدید مذمت
کوئٹہ (بی بی سی اردو): پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے صدر مختار حسین اعوان، جنرل سیکرٹری چودھری سعد محمد اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک مختار اعوان نے ایک مشترکہ بیان میں سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے
انہوں نے اس عمل کو بزدلانہ اور غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طبی عملہ دن رات عوامی خدمت میں مصروف رہتا ہے، لہٰذا ان کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
لیبر فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، جبکہ متاثرہ ڈاکٹر اور ان کی مدد کرنے والے شخص کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
لیبر رہنماؤں نے متاثرہ خاندان اور طبی عملے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خواتین ڈاکٹرز کے لیے محفوظ ماحول کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔