آسام میں لاکھوں محنت کشوں کی زندگیوں کو شدید خطرات

دیس پور ( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) بھارتی ریاست آسام میں حالیہ دنوں میں پڑنے والی شدید گرمی اور غیر معمولی حبس نے چائے کے باغات میں کام کرنے والے لاکھوں محنت کشوں کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

درجہ حرارت اور نمی کے ہولناک امتزاج کے باعث کھلے آسمان تلے پتے توڑنے والے مزدور بڑے پیمانے پر ہیٹ اسٹروک، شدید ڈی ہائیڈریشن اور غشی کے دوروں کا شکار ہو رہے ہیں۔

طبی ماہرین اور مقامی لیبر تنظیموں نے مینوفیکچررز اور باغات کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمین کے کام کے اوقات میں فوری تبدیلی کریں اور انہیں سائے دار جگہوں سمیت پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائیں۔

آسام کے چائے کے باغات ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتی ہوئی تپش اب ان غریب محنت کشوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔