صنعتکاروں کا کاروباری اوقات کار میں یکم جون کے بعد بھی توسیع کا مطالبہ
لاہور( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے پاکستان میں ریٹیل کا مستقبل کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا، جس میں ای کامرس کی توسیع، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور روایتی کاروبار کو جدید انفرااسٹرکچر سے جوڑنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
ایل سی سی آئی کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زور دیا کہ ملکی ریٹیل انڈسٹری کو معاشی بقا کے لیے عالمی رجحانات اور صارفین کی بدلتی ترجیحات کو اپنانا ہوگا۔
سیمینار کے دوران صدر ایل سی سی آئی نے حکومتِ پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا کہ صوبے میں تجارتی مراکز اور ریسٹورنٹ کے اوقات کار میں دی گئی رعایت میں یکم جون کے بعد بھی توسیع کی جائے
انہوں نے واضح کیا کہ ریٹیل اور فوڈ سیکٹر توانائی بچت کی سخت پالیسیوں کے باعث پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، لہٰذا حکومت توانائی کی بچت اور معاشی استحکام میں توازن پیدا کرنے کے لیے تاجروں کی مشاورت سے طویل مدتی پالیسی وضع کرے۔