سوشل سیکیورٹی میں تقرری و تبادلے، نوٹییفیکشن جاری
فیصل آباد( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) محکمہ محنت و افرادی قوت پنجاب کے ذیلی ادارے پنجاب سوشل سیکیورٹی فیصل آباد میں انتظامی سطح پر اہم تقرری و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے احکامات کے تحت چوہدری احسان الحق کو ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی ویسٹ فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے، جبکہ صنعتی نیٹ ورک کو فعال رکھنے کے لیے انہیں ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی ایسٹ کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے
اس اہم انتظامی تبدیلی کا فیصل آباد کی صنعتی و مزدور تنظیموں کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔ پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف انصاری، مرکزی جنرل سیکریٹری اسلم معراج اور ویمن ورکرز الائنس کی پیرا لیگل کنوینر پروین لطیف انصاری نے زین انصاری کے ہمراہ نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر کو گلدستہ پیش کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی
مزدور رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ ان تقرری و تبادلوں سے فیصل آباد کے صنعتی شعبے میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے نوٹیفکیشن کے تناظر میں مطالبہ کیا کہ جھنگ روڈ سمیت دیگر صنعتی زونز کے غیر رجسٹرڈ محنت کشوں کو ترجیحی بنیادوں پر سوشل سیکیورٹی نیٹ میں شامل کیا جائے تاکہ انہیں علاج معالجے اور قانونی مراعات مل سکیں۔