آئی ایل او کا دنیا بھر میں حقوقِ محنت پر بڑھتے ہوئے دباؤ سے متعلق وارننگ

جنیوا ( لیبر نیوز فارن ڈیسک )  بین الاقوامی ادارہ محنت  نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی عدم استحکام، جیو پولیٹیکل تنازعات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث محنت کشوں کے بنیادی حقوق پر دباؤ میں شدید اضافہ ہو رہا ہے۔

آئی ایل او کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے کئی حصوں میں انجمن سازی کی آزادی اور اجتماعی سودے بازی جیسے بنیادی حقوق کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے

آئی ایل او کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اجرتوں میں عدم توازن نے مزدور طبقے کی زندگیوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے جبکہ غیر رسمی معیشت میں کام کرنے والے افراد کسی بھی قسم کے سماجی تحفظ سے محروم ہیں۔

 آئی ایل او نے عالمی برادری اور حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی انصاف کی فراہمی اور بین الاقوامی معیاراتِ محنت پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ محنت کشوں کو استحصال سے بچایا جا سکے۔

عالمی ادارہ محنت نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ان چیلنجز سے فوری نہ نمٹا گیا تو عالمی سطح پر سماجی بے چینی مزید بڑھ سکتی ہے۔