لیاقت ساہی نے پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز کو مزدور دشمنی قرار دے دیا
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈیموکریٹک ورکرز یونین کے سیکریٹری جنرل لیاقت علی ساہی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور بھاری ٹیکسوں کو مزدور دشمن قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان ڈیموکریٹک ورکرز فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی اصل قیمتیں 250 سے 280 روپے کے درمیان ہیں، مگر حکومت ٹیکسز اور لیوی کے ذریعے عوام سے 414 روپے سے زائد وصول کر رہی ہے
لیاقت علی ساہی کا کہنا تھا کہ یہ فرق غریب عوام اور محنت کش طبقے کی جیبوں پر براہِ راست ڈاکہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کم کرے اور پیٹرولیم لیوی سمیت تمام اضافی ڈیوٹیز فوری ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ عوام مزید معاشی بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے، اس لیے قیمتوں کو فوری طور پر اصل سطح پر لایا جائے۔