ممتاز مزدور رہنما ذوالفقار سرمدی کی یاد میں تعزیتی اجلاس، خدمات کو خراجِ عقیدت
لاہور ( عامر سہیل ، ریذیڈنٹ ایڈیٹر پنجاب ) لاہور میں نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب کے سابق صدر اور نڈر مزدور رہنما ذوالفقار سرمدی کی یاد میں ایک پُروقار تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد حنیف رامے نے کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی تھے مقررین نے مرحوم کی سماجی خدمات اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے ان کی تاحیات جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ذوالفقار سرمدی نہ صرف این ایل ایف بلکہ پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن سے بھی وابستہ رہے اور انہوں نے نجکاری، مزدور دشمن پالیسیوں اور معاشی استحصال کے خلاف ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہ کر آواز بلند کی۔
ان کی قیادت میں آئی ٹی اساتذہ کی تنخواہوں جیسے اہم مسائل پر بھی بھرپور احتجاجی تحریکیں منظم کی گئیں۔
شمس الرحمن سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار سرمدی جیسے مخلص اور نڈر رہنما کی وفات سے مزدور تحریک میں پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مبنی تصویری دستاویزی جھلکیاں پیش کی گئیں۔