یومِ مئی پر کیمیکل و انرجی ورکرز کی ریلی، لیبر کوڈز مسترد کرنے کا اعلان

کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک )  عالمی یومِ مزدور کے موقع پر پاکستان فیڈریشن آف کیمیکل، انرجی، مائنز اینڈ جنرل ورکرز یونین کے زیرِ اہتمام ایک بڑی ریلی نکالی گئی. ایف سی سی گل پلازہ سے شروع ہونے والی یہ ریلی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں مختلف یونینز کے عہدیداران اور محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی.

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خاتمے اور روزگار کے تحفظ کے مطالبات درج تھے.

کراچی پریس کلب پر خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے رہنماؤں نے حکومت اور آجر تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ مزدور دشمن پالیسیوں اور ٹھیکیداری نظام کا فوری خاتمہ کیا جائے. رہنماؤں نے پنجاب اور سندھ لیبر کوڈز کو محنت کشوں کے بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا اور ان قوانین کی واپسی کا مطالبہ کیا.

مقررین نے زور دیا کہ تمام غیر رجسٹرڈ ورکرز کو سوشل سیکیورٹی اور ای او بی آئی  کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹریڈ یونین سرگرمیوں پر عائد غیر اعلانیہ پابندیاں ختم کی جائیں.

 انہوں نے شکاگو کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ متحد مزدور تحریک ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے.