مزدوروں کی مشترکہ جدوجہد کو تیز کیا جائے گا، ضلعی مزدور اتحاد کا فیصلہ

گھوٹکی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ضلعی مزدور اتحاد گھوٹکی کا ایک اہم اجلاس سرپرست میاں عبدالرحیم بھارو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں شکاگو کے شہدا کی قربانیوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے یکم مئی کو اینگرو فرٹیلائزر کمپنی کے مین گیٹ پر بڑے پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ضلعی صدر محمد رمضان سمیجو کی سربراہی میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو پروگرام کے انتظامات سنبھالے گی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ تمام فیڈریشنز اور یونینز مزدور اتحاد زندہ باد کے ایک ہی نعرے کے تحت متحد ہوں۔

انہوں نے ضلع بھر کے ہاریوں، مزدوروں اور ہمدردوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی مزدور اتحاد کے پلیٹ فارم کو مضبوط کر کے ہی محنت کش اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔

شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ تمام تر تفریق کو بالائے طاق رکھ کر ضلع بھر میں مزدوروں کی مشترکہ جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔