نصف صدی کا ساتھ ؛ واحد بن ہاشم 48 سالہ طویل ملازمت کے بعد ریٹائر
کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان کی پرنٹ میڈیا انڈسٹری کے ادارے روزنامہ جنگ کراچی سے 48 برس تک وابستہ رہنے والے واحد بن ہاشم ریٹائر ہو گئے ہیں
انہوں نے 1978 میں جنگ گروپ کے ایڈورٹائزنگ اور اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث، 2009 میں پہلی ریٹائرمنٹ کے بعد میر شکیل الرحمٰن نے ان کی خدمات دوبارہ حاصل کر لی تھیں، جس کے بعد وہ مزید 17 برس تک ادارے سے وابستہ رہے۔
واحد بن ہاشم کی تقریباً نصف صدی پر محیط یہ ملازمت پاکستان کی پرنٹ میڈیا تاریخ میں ایک ریکارڈ تصور کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر جنگ گروپ کی جانب سے ایک باوقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی،
جس میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ مقررین نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مہارت اور محنت نے دفتری ساتھیوں کی کئی نسلوں کی تربیت کی۔
واحد بن ہاشم جرمن زبان میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ہولڈر ہیں اور اشتہارات کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں۔