بھتہ خوری پر صنعتکاروں کی تشویش، آئی جی سندھ سے مداخلت کی اپیل

کراچی(لیبرنیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صنعتکاروں نے شہر میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات اور خراب امن و امان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے اجلاس میں صدر عبدالرحمان فدا اور زبیر موتی والا نے حالیہ فائرنگ اور ڈکیتیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سازگار ماحول کے بغیر اقتصادی سرگرمیاں جاری رکھنا ناممکن ہے

آئی جی سندھ نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ بھتہ خوروں اور تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا۔ اجلاس میں انکشاف ہوا کہ سائٹ ایریا کے تھانوں میں 113 اہلکاروں اور پولیس موبائلز کی شدید کمی ہے، جس پر آئی جی نے نفری بڑھانے اور سیف سٹی پروجیکٹ کے آغاز کی یقین دہانی کرائی۔

 ڈی آئی جی ٹریفک نے لین ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چالان اور ٹریفک جام کے خاتمے کے لیے نئے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ ہوائی فائرنگ سے سولر پینلز کے نقصان پر بھی سخت ایکشن کا وعدہ کیا گیا۔