یومِ مئی کی تیاریاں، پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کی کراچی ڈاک لیبر بورڈ آمد

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے چیئرمین ارشد علی خان نے کراچی ڈاک لیبر بورڈ سی بی اے کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مزدور رہنماؤں احمد سعید، داؤد مہمند، حسین باچا اور عبدالرزاق میمن سے اہم ملاقات کی اس ملاقات کا محور یکم مئی، یومِ مزدور کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات اور مجوزہ ریلی کے انتظامات تھے۔

ملاقات کے دوران رہنماؤں نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا۔ ارشد علی خان نے کہا کہ یومِ مئی محض ایک دن نہیں بلکہ محنت کشوں کے حقوق کی عالمی علامت ہے، جسے بھرپور قوت کے ساتھ منایا جائے گا

کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ بندرگاہ کے محنت کش ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مزدوروں کے معاشی و سماجی تحفظ کے لیے پلیٹ فارمز کا اشتراک وقت کی ضرورت ہے۔