عالمی لیبر تنظیموں کا مزدور رہنماؤں کی قید کے خلاف دنیا بھر میں مہم کا آغاز

منسک ( لیبر نیوز فارن ڈیسک )  بین الاقوامی لیبر تنظیموں نے بیلاروس میں مزدور رہنماؤں کی مسلسل قید اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک بڑی عالمی مہم کا آغاز کر دیا ہے

مہم کا مقصد بیلاروس کی حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ آزاد ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں کو فوری رہا کرے، جنہیں مبینہ طور پر سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا گیا ہے

عالمی لیبر یونینز کے مطابق بیلاروس میں مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے درجنوں کارکنان سخت قید کی سزائیں کاٹ رہے ہیں، جو بین الاقوامی لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے

اس مہم کے ذریعے دنیا بھر سے محنت کشوں اور سماجی کارکنوں سے احتجاجی خطوط لکھنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ منسک انتظامیہ کو مزدور دشمن پالیسیاں ترک کرنے پر مجبور کیا جا سکے

انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ آزاد یونینز پر پابندی اور قیادت کی گرفتاری سے ملک میں محنت کش طبقہ مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکا ہے۔