بنگلہ دیش نے محنت کشوں کے لیے متبادل عالمی مارکیٹیں تلاش کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا
ڈھاکہ ( سلمان جاوید ، ہیڈ ساوتھ ایشیاء پیسیفک ) بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمان نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ایران سمیت مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ عدم استحکام کے باعث حکومت نے محنت کشوں کے لیے متبادل عالمی مارکیٹیں تلاش کرنے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں سربیا، یونان، رومانیہ، پرتگال اور روس جیسے ممالک کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں پر کام جاری ہے تاکہ افرادی قوت کی ترسیل کے دائرہ کار کو وسعت دی جا سکے۔
وزیرِ اعظم کے مطابق، جاپان میں مزدوروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر 53 ٹریننگ سینٹرز میں جاپانی زبان کی تربیت شروع کر دی گئی ہے، جبکہ روسی اور اطالوی زبان کے انسٹرکٹرز بھی بھرتی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک سفارت خانوں کو ڈاکٹروں اور انجینئرز کے لیے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بیرونِ ملک جانے والے طلبہ کے لیے قرض کی حد بڑھا کر 10 لاکھ ٹکا کر دی گئی ہے تاکہ ہنرمند افراد کی برآمد میں اضافہ ہو سکے۔