یومِ مئی پر عوامی طاقت کے مظاہرے کی تیاریاں، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کا اہم اجلاس

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک )  نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن  سے وابستہ مختلف مزدور یونینوں کے نمائندوں کا ایک اہم مشاورتی اجلاس فیڈریشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا، جس کا مقصد یکم مئی کے سلسلے میں نکالی جانے والی روایتی ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینا تھا

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے ملک کے موجودہ معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں یومِ مئی کی اہمیت پر زور دیا

یونین نمائندوں نے فیصلہ کیا کہ رواں سال یومِ مئی پر کراچی میں ایک بڑی عوامی ریلی نکالی جائے گی، جس میں ٹیکسٹائل، شپ بریکنگ اور دیگر صنعتوں سے وابستہ ہزاروں محنت کش شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران ریلی کے روٹ، سیکیورٹی اور مزدوروں کے مطالبات کی منظوری دی گئی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ریلی صرف ایک تقریب نہیں بلکہ جبری برطرفیوں، کم از کم اجرت پر عملدرآمد نہ ہونے اور یونین سازی پر پابندیوں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی تحریک ہوگی، تاکہ حکومت اور آجروں پر مزدور دشمن پالیسیاں ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے