سیسی اسپتالوں میں مزدوروں کو سہولیات کا فقدان، صنعت کاروں کا وفد کمشنر کے پاس پہنچ گیا

کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ہسپتالوں میں صنعتی ورکرز کو ملنے والی طبی سہولیات کی ابتر صورتحال پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو سے ملاقات کے لیے ہیڈ آفس پہنچ گیا

 ملاقات میں صنعتی مزدوروں کو درپیش سنگین مسائل، ہسپتالوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا صنعت کاروں کے وفد نے کمشنر کو بتایا کہ صنعتی محنت کشوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور موجودہ نظام ورکرز کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ثابت ہو رہا ہے وفد نے زور دیا کہ مزدوروں سے کٹوتیاں لینے کے باوجود انہیں بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں

ملاقات کے دوران ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جس پر کمشنر سیسی نے وفد کو حالیہ اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی

ملاقات میں وائس کمشنر سیسی سکندر بلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان، چیف میڈیکل آفیسرز، ڈائریکٹر سائٹ ایسٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سینئر افسران سمیت ممبران گورننگ باڈی سیسی زہرہ خان ،عبدالواحد شورو، انجینئر عبدالجبار اور موجود تھے جبکہ سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد میں سینئر وائس پریزیڈنٹ خالد ریاض، وائس پریزیڈنٹ طاہر گوریجہ اور دیگر اراکین شامل تھے

اس موقع پر میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان نے وفد کو آگاہ کیا کہ مذکورہ مسائل پر خاطر خواہ قابو پا لیا گیا ہے۔ ایکسرے مشین مکمل طور پر فعال ہے جبکہ لیبارٹری کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے