ڈائریکٹر لیبر حیدرآباد غلام سرور اتیرو کا تبادلہ، نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
کراچی ( احتشام اکرام، بیورو چیف سندھ ) محکمہ محنت میں انتظامی سطح پر اہم تبدیلی کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر لیبر حیدرآباد، غلام سرور اتیرو کا فوری تبادلہ کر دیا ہے
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کے دستخط سے جاری ہونے والے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے افسر غلام سرور اتیرو کو اب کراچی میں ریجنل ڈائریکٹر لیبر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
غلام سرور اتیرو اس سے قبل حیدرآباد میں لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپیاں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری لیبر، اور اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ سمیت تمام متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
محکمہ محنت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبادلہ انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے اور خالی اسامی کو پُر کرنے کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ نئے احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور وہ اگلے حکم تک کراچی میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔