ای او بی آئی کے ریٹائرڈ ملازمین کا اجلاس، پنشنرز کے مسائل پر تشویش کا اظہار

کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک )  ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) پاکستان کا ہفتہ وار اجلاس کراچی میں منعقد ہوا

جس میں ادارے کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین اور فیملی پنشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنشنرز کو درپیش سنگین مسائل اور ان کے ممکنہ حل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد جمیل نے شرکاء کو ریٹائرڈ ملازمین کے مختلف دیرینہ امور اور ان کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے پنشنرز کی مراعات اور طبی سہولیات میں بہتری لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

اس موقع پر اسرار ایوبی، سید محمد حیدر کاظمی، محمد قدیر قریشی، محمد ابراہیم فاروقی، محمد یونس لویا اور اسد محمود سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے

رہنماؤں نے عزم کیا کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔