مزدور یونینز پر پابندی کی کوشش، نیپال کے محنت کشوں کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

کھٹمنڈو( لیبر نیوز ویب ڈیسک )  نیپال میں سرکاری ملازمین کی یونینز پر ممکنہ پابندی کے حکومتی ارادوں کے خلاف پبلک سیکٹر کے محنت کشوں نے بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے حکومت کی جانب سے وفاقی سول سروس بل میں ایسی ترامیم تجویز کی گئی ہیں جو سرکاری شعبے میں یونین سازی اور اجتماعی سودے بازی کے حق کو ختم کر سکتی ہیں

نیپال کی تمام بڑی لیبر یونینز نے اس اقدام کو جمہوری حقوق اور بین الاقوامی لیبر قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر کے ملازمین نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، اور اب ان کی آواز دبانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا

نیپال کے محنت کشوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے یہ متنازع بل واپس نہ لیا تو ملک بھر میں سرکاری دفاتر کی تالہ بندی اور احتجاجی لہر شروع کی جائے گی۔ اس صورتحال نے نیپال میں حکومت اور ملازمین کے درمیان ایک بڑے محاذ آرائی کا خدشہ پیدا کر دیا ہے