ایمبولینس ملازمین نے پانچ روزہ ہڑتال شروع کر دی
شملا( لیبر نیوز فارن ڈیسک ) بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 108 اور 102 ایمبولینس سروس کے سیکڑوں ملازمین نے منصفانہ اجرت اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف پانچ روزہ ہڑتال شروع کر دی ہے۔
ملازمین کا الزام ہے کہ نجی کمپنی انہیں مشینوں کی طرح استعمال کر رہی ہے، جہاں ان سے 12 سے 15 گھنٹے کام لیا جاتا ہے لیکن معاوضہ انتہائی قلیل ہے
مظاہرین کے مطابق شدید مہنگائی کے باوجود ان کی تنخواہوں میں برسوں سے اضافہ نہیں کیا گیا اور بنیادی طبی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔ ہڑتالی ملازمین کا مطالبہ ہے کہ حکومت مداخلت کرے اور انہیں نجی کمپنیوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے وقار کے ساتھ جینے کا حق دے
اس احتجاج کے باعث ریاست میں ہنگامی طبی خدمات بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ کام پر واپس نہیں آئیں گے۔