لیبر کوڈ اور ٹھیکیداری نظام مزدور دشمنی ہے، غلام مرتضیٰ تنولی کا آئی ایل او پر بھی تنقید
کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پی سی ای ایم کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مرتضیٰ تنولی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مجوزہ لیبر کوڈ اور انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ میں ترامیم کو مزدور دشمن قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
ملی لیبر فیڈریشن کراچی کے لیبر کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے برعکس ٹھیکیداری نظام کو قانونی تحفظ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ محنت کشوں کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے
انہوں نے آئی ایل او کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ اپنے ہی کنونشنز 87 اور 98 کی روح کے منافی قانون سازی کی سرپرستی کر رہا ہے۔
غلام مرتضیٰ تنولی نے متنبہ کیا کہ ملک کی 98 فیصد صنعتوں میں رائج استحصالی ٹھیکیداری نظام کو اگر ریگولرائز کیا گیا تو ٹریڈ یونینز کا وجود ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کالے قوانین کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی