پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ اسکالر شپ میں مزدوروں کے بچوں کو مشکلات کا سامنا
لاہور ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت اسکالر شپ حاصل کرنے والے مزدوروں کے بچوں نے ہاسٹل الاؤنس کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے
یونیورسٹی کے دوسرے سمسٹر کے طالب علم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انتظامیہ کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے تجویز کردہ ہاسٹل میں بنیادی سہولیات کے فقدان اور انتظامیہ کے نامناسب رویے کے باعث وہ نجی ہاسٹل میں رہنے پر مجبور ہیں
طالب علم کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی نے پہلے نجی ہاسٹل میں رہنے کی صورت میں 32 ہزار روپے ادائیگی کا وعدہ کیا تھا، مگر اب اس سے انکار کیا جا رہا ہے۔
مزدور خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ان طلبا کا کہنا ہے کہ اس مالی امداد کے بغیر تعلیمی اخراجات پورے کرنا ناممکن ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی ہاسٹل میں رہنے والے مستحق طلبا کو بھی فوری طور پر مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ ان کا تعلیمی مستقبل ضائع ہونے سے بچ سکے۔