بھارت میں نئے لیبر کوڈز کے خلاف محنت کشوں کا احتجاج، یومِ سیاہ منایا گیا

امرتسر( سلمان جاوید، ساوتھ ایشیاء لیبر ڈیسک )  بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے چار نئے لیبر کوڈز کے خلاف نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی آف ریلوے مین اور دیگر ملازم تنظیموں نے امرتسر میں یومِ سیاہ منایا

ریلی سے ڈیموکریٹک آشا ورکرز یونین کی ریاستی رہنما پرمجیت کور مان اور ڈیموکریٹک فارسٹری ورکرز یونین کے ریاستی صدر رچپال سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور الزام عائد کیا کہ یہ نئے قوانین مزدور دشمن ہیں جن کا مقصد سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا اور محنت کشوں کے حقوق کو سلب کرنا ہے۔

مزدور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئے کوڈز کے نفاذ سے آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی کا قانون متاثر ہوگا اور ٹریڈ یونینز کی رجسٹریشن و کام کرنے کی آزادی ختم ہو جائے گی

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان متنازع قوانین کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور پرانی پنشن اسکیم کو بحال کیا جائے مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلا دیا جائے گا۔