یومِ پاکستان پر مضبوط مزدور مضبوط پاکستان کے عزم کی تجدید

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان بھر میں 23 مارچ کا دن یومِ پاکستان کے طور پر جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، جہاں قراردادِ لاہور کی یاد میں تجدیدِ عہد کیا گیا۔ اس موقع پر مہران لیبر فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کی قیادت نے محنت کشوں کے حقوق کو ملکی استحکام کی بنیاد قرار دیا ہے

مرکزی صدر میاں عبدالرحیم بھارو اور جنرل سیکرٹری راحب علی سمیجو نے اپنے مشترکہ پیغام میں مضبوط مزدور مضبوط پاکستان کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ معاشی خوشحالی اور سماجی انصاف کے بغیر ایک مستحکم ریاست کا خواب ادھورا ہے۔

 پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنما احمد زیب خان نے بانیان پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹریڈ یونینز ملک کی ترقی اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

ملک بھر میں مزدور تنظیموں نے اس دن کو اتحاد، انصاف اور معاشی ترقی کے نظریے سے جوڑ کر منانے کا عہد کیا ہے