انڈسٹریل گلوبل یونین کا پاکستانی مزدوروں کے تحفظ اور حقوق کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ
اسلام آباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) عالمی تنظیم انڈسٹریل گلوبل یونین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں مزدوروں کے حقوق اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے محنت کشوں کو خاص طور پر کان کنی اور ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں غیر محفوظ حالات اور کم اجرتوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے
عالمی یونین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں لیبر قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ حکومت بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے معاہدوں کی پاسداری کرے اور مزدوروں کو یونین بنانے اور اجتماعی سودے کاری کا حق فراہم کرے۔
لیبر ماہرین کے مطابق اگر پاکستان نے اپنے صنعتی ڈھانچے میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح نہ دی تو عالمی منڈی میں ملکی برآمدات کو انسانی حقوق کے حوالے سے سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی صرف محنت کشوں کے حقوق کے احترام سے ہی ممکن ہے۔