ورکرز ماڈل اسکول این جی او کو دینا سعید غنی کی مزدور دشمنی ہے، ملی لیبر فیڈریشن

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ملی لیبر فیڈریشن نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت چلنے والے اسکولوں کو این جی اوز کو ٹھیکے پر دینے اور مفت اسکولوں میں بھاری فیسوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے وزیر محنت سندھ سعید غنی کا مزدور دشمن اقدام قرار دیا ہے

ملی لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر فیصل علی بلوچ اور جنرل سیکرٹری لیاقت مداخیل نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا اسکولوں کو ٹھیکے پر دینے سے رک جائیں انہوں نے کہا کہ ملی لیبر فیڈریشن مزدور کے بچے سے تعلیم کا حق چھیننے نہیں دیں گے

انہوں نے کہا کہ سعید غنی اس کا جواب دیں کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت چلنے والے اسکولوں کو آخر کس بنیاد پر این جی اوز کے حوالے کیا گیا ہے مزدوروں کے بچوں کے لیے مخصوص تعلیمی اداروں کو این جی اوز کے سپرد کرنا ان کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے

ان کا مزید کہنا تھا مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بجائے اب ان اداروں میں غریب مزدوروں سے بھاری فیسیں وصول کی جا رہی ہیں، جو کہ سراسر ناانصافی ہے جس کے لیئے سندھ بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی