سیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر انور علی شاہ کی مدت ملازمت مکمل
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر انور علی شاہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں فیڈرل بی ایریا ڈائریکٹوریٹ میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ان کی طویل پیشہ ورانہ خدمات کو بھرپور الفاظ میں سراہا گیا
تقریب میں ڈائریکٹر فیڈرل بی ایریا علی حیدر زیدی اور ڈائریکٹر گلشن اقبال قطب الدین سمیت دیگر افسران و عملہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر علی حیدر زیدی نے کہا کہ محنت کشوں کو سماجی تحفظ کی فراہمی اور ادارے کی بہتری کے لیے انور علی شاہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انور علی شاہ کا شمار سیسی کے ان چند افسران میں ہوتا ہے جنہیں لیبر قوانین پر مکمل گرفت حاصل تھی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف وزراء کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ ہیڈ آفس میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ تقریب کے اختتام پر انہیں یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے