گوگل لیبر یونین نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

سیول ( لیبر نیوز فارن ڈیسک): جنوبی کوریا میں گوگل کے ملازمین کی نمائندہ یونین نے کمپنی کی جانب سے بڑے پیمانے پر ممکنہ برطرفیوں کے خلاف ہڑتال کی وارننگ دے دی ہے۔

یونین کا کہنا ہے کہ گوگل مصنوعی ذہانت کو جواز بنا کر انسانی افرادی قوت میں کٹوتی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جو محنت کشوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔

گوگل کوریا یونین رہنماؤں کے مطابق، کمپنی انتظامیہ نے ملازمین کو اعتماد میں لیے بغیر ایسے تنظیمی ڈھانچے پر کام شروع کر دیا ہے جس سے سینکڑوں ملازمین کی ملازمتیں داؤ پر لگ گئی ہیں۔

گوگل کوریا یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی آمد کو ملازمتوں کے خاتمے کے بجائے کام کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے اور کسی بھی قسم کی برطرفی سے قبل یونین کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کیے جائیں۔

مزدور رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر کمپنی نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو وہ ملک گیر احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔ یہ تنازع ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر ٹیک کمپنیاں اے آئی ٹیکنالوجی اپنانے کے بعد انسانی عملے کی تعداد کم کر رہی ہیں، جس سے دنیا بھر کے آئی ٹی ورکرز میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔