محنت کش خواتین ملازمین کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

کراچی (لیبر نیوز ویب ڈیسک ) سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن گورننگ باڈی کی رکن زہرا خان نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین معاشرے کی فکری و اخلاقی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں

یہ بات انہوں نے سیسی کے شعبہ تعلقات عامہ کے زیرِ اہتمام ولیکا اسپتال سائٹ میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے بااختیار عورت اور محنت کش خواتین کے حقوق کے عنوان سے سیمینار سے خطاب میں کہی

سیمینار کے شرکاء سے ڈائریکٹر تعلقات عامہ وسیم جمال، ڈاکٹر حنا اعجاز اور ڈاکٹر غیاث الدین نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ پاکستانی خواتین معاشرے کی فکری و اخلاقی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور حکومت نے ان کی خودمختاری کے لیے متعدد قوانین بنائے ہیں

زہرا خان نے سیسی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خواتین ملازمین کو کام کی جگہ پر درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور رویوں میں اصلاح لائی جائے۔ انہوں نے مساوی مواقع اور باعزت ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مزید سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا

پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو ادارے کی یادگاری شیلڈ اور اجرک کا روایتی تحفہ پیش کیا گیا