جعلی گورننگ باڈی کے خلاف ہائی کورٹ جانے کا فیصلہ، مہران لیبر فیڈریشن کا اعلان
کراچی (لیبر نیوز ویب ڈیسک) مہران لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالرحیم بھارو نے سندھ ورکرز ویلفئیر بورڈ کے سابق ڈائریکٹر فنانس حاجی عبدالباسط بلوچ اور ڈائریکٹر مظفر حسین شاہ کے ہمراہ ایک اہم ملاقات کی، جس میں مزدوروں کے حقوق پر شب خون مارنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔
ملاقات میں فلاحی اسکیموں کی مبینہ بندش اور سعید صالح محمد جمانی کے ادھورے وعدوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا رہنماؤں نے باضابطہ فیصلہ کیا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی مبینہ جعلی گورننگ باڈی کے نوٹیفکیشن کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
فیڈریشن کے صدر نے ملاقات کے دوران کہا کہ محنت کشوں کے نام پر مراعات بٹورنے والے جعلی نمائندوں کو قبول نہیں کیا جائے گا اور جب تک جائز حقوق اور فلاحی منصوبے بحال نہیں ہوتے، قانونی و سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔