سعودی عرب پاکستان میں کارپوریٹ فارمنگ میں سرمایہ کاری کا خواہاں
کراچی (کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) سعودی عرب نے پاکستان میں کارپوریٹ فارمنگ اور منظم زرعی شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ پیشرفت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سعودی نائب وزیرِ سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔
سعودی وفد نے چاول، گوشت اور چارہ جیسی زرعی مصنوعات میں سرمایہ کاری کے ذریعے پیداوار بڑھانے اور برآمدات کے مواقع وسیع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ پیشہ ورانہ تربیت اور مہارتوں میں اضافہ کے پروگرامز بھی زیر غور آئے۔
وزیرِ تجارت نے کہا کہ پاکستان زرعی پیداوار، میکانائزیشن اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کے دروازے کھول رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کو اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے اور زرعی برآمدات، ٹیکسٹائل اور متعلقہ شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔