پاکستان اور ازبکستان کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید گہری کرنے اور تجارت بڑھانے کا عزم

اسلام آباد ( کامرس اینڈ ٹرید ڈیسک ) پاکستان اور ازبکستان نے باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ اتفاق اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مذاکرات کے دوران سامنے آیا،

جن میں دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے سیاسی روابط کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی، تعلیم اور صنعتی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی رابطہ کاری اور وسطی ایشیا تک رسائی کے لیے مشترکہ منصوبے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاکستانی اور ازبک حکام نے کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے، تجارتی رکاوٹیں کم کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

فریقین کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔