پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس ایک بار پھر 1 لاکھ 88 ہزار کی سطح پر
کراچی (جے ایچ خان، نمائندہ لیبر نیوز ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث 100 انڈیکس ایک بار پھر 1 لاکھ 88 ہزار پوائنٹس کی حد بحال کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ کاروبار کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس 1177 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 88 ہزار 78 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 86 ہزار 900 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور خریداری کے رجحان نے تیزی کو تقویت دی۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی، جہاں ڈالر 3 پیسے سستا ہو کر 279 روپے 72 پیسے پر آ گیا۔ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 279 روپے 75 پیسے پر بند ہوا تھا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔