ظفر عباس ایس ایس جی سی بورڈ کے ایکس آفیشیو ڈائریکٹر مقرر

کراچی ( جے ایچ خان ، لیبر نیوز ) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) لمیٹڈ نے پٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری ظفر عباس کو بطور ایکس آفیشیو ڈائریکٹر بورڈ میں تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق ظفر عباس کو وزارتِ توانائی کی نامزدگی پر بورڈ کا رکن بنایا گیا ہے۔

وہ مرزا ناصر الدین مشہود احمد کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جنہیں 13 جنوری کو تعینات کیا گیا تھا۔

ایس ایس جی سی کی بنیادی سرگرمی سندھ اور بلوچستان میں قدرتی گیس کی ترسیل اور تقسیم ہے، جبکہ کمپنی گیس کے کاروبار سے وابستہ دیگر شعبوں میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔

ان سرگرمیوں میں گیس میٹرز کی تیاری و فروخت، پائپ لائنوں کی تنصیب اور تعمیراتی معاہدے شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق نئی تعیناتی سے بورڈ کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی